ہمارے ہر عمل کا اثر معاشرے پر پڑتا ہے،عبدالقدیر اعوان
چکوال ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)تنظیم الاخواں کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں تمام شعبوں کو درست کرنے کے لیے نظام عدل کو فوری اور یکساں انصاف کی فراہمی کے لیے لاگو کرنا ہوگا۔جہاں پر قانون کا صحیح اطلاق موجود ہے وہاں جرائم کی شرح بہت کم ہے ۔وہ جمعہ کے روز دارالعرفان منارہ میں روحانی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست مدینہ کی بات کی جار ہی ہے کہ ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنایا جائے گاتو گزارش ہے کہ پھر قوانین بھی ریاست مدینہ جیسے بنانے ہونگے۔اگر نظام عدل او ر نظام معیشت کو ہی اسلامی اصولوں کے مطابق نافذ کر دیا جائے تو ملک میں حقیقی خوشحالی آئے گی۔اور ہمیں کسی سے مدد لینے کی ضرورت بھی نہ پڑے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے ہر عمل کا اثر معاشرے پر پڑتا ہے ۔اگر ہم سود کھائیں گے تو کیسے ممکن ہے کہ ہماری معیشت مستحکم ہو جائے گی ۔کیونکہ سود کے بارے میں اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کا ارشاد موجود ہے کہ اعلان جنگ ہے ۔اس لیے ہمیں بحیثیت قوم توبہ کرکے واپس اس نظام پر آنا ہوگا جو قرآن و حدیث نے ہمیں دیا ہے ۔جو ریاست مدینہ کا نظام تھا ۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں ۔