کواٹرز کے مکینوں کا معاملہ انسانی حقوق کاہے حافظ نعیم الرحمن

کواٹرز کے مکینوں کا معاملہ انسانی حقوق کاہے حافظ نعیم الرحمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ کراچی میں کواٹرز کے مکینوں کے مالکانہ حقوق کا معاملہ لسانی نہیں بلکہ خالصتا انسانی حقو ق کا معاملہ ہے اور جماعت اسلامی اس معاملے میں بلا تفریق رنگ ونسل اور مذہب کواٹرز کے مکینوں کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد میں مصروف ہے ، انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں ہونے والی کاروائی اور تبصرے غلط فہمی کی بنیاد پر محسوس ہوتے ہیں ۔ لسانی بنیاد پر سیاست کرنے والی جماعت ہی کی وجہ سے تو یہ مسئلہ آج تک حل نہ ہوسکا اور 30سال مرکزی اور صوبائی حکومتوں میں وزارتوں کے مزے لوٹنے والے اس مسئلہ اور کراچی کے دیگر مسائل کو ہمیشہ لوگوں کو بیوقوف بنانے اور اپنی سیاست کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں ۔ اس وقت بھی صورتحال یہ ہے کہ کراچی کے تمام 21ممبران قومی اسمبلی حکمرانی میں شامل ہیں ،کراچی سے صدر پاکستان، گورنر اور بڑی تعداد میں وزراء ہونے کے باوجود پاکستان کواٹرز میں پولیس کا بہیمانہ تشدد اور بے دخلی کی کاروائی حکمران جماعتوں میں شامل وزرا اور ارکان قومی اسمبلی کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی آل پارٹیز کانفرنس میں اعلان کر کے گئے تھے کہ لوگ آرام سے سوئیں کوئی ایکشن نہیں ہوگا اور لیز کے کاغذات لے کر واپس آئیں گے ورنہ استعفیٰ دیدیں گے لیکن وہ تو اگر عوام بیدا ر نہ ہوتے اور اپنے حقوق کے دفاع کے لیے سر پر کفن باندھ کر نہ نکلتے تو آج سڑک پر بیٹھے ہوتے اور حکومت میں شامل یہ سارے رہنما گرم تقریریں اور تعزیت کر کے لوگوں کو بیوقوف بنارہے ہوتے ۔انہوں نے پاکستان کواٹرز کے مکینوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ میں ان کی ہمت جواں مردی اور اپنے حقوق کے دفاع کے لیے دلیرانہ جدوجہد کو سلام کرتاہوں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ کواٹرز کے مکینوں کو فوری مالکان حقوق دیے جائیں ،لوگوں کو اگر گھر نہیں دے سکتے تو ان کے پاس موجود چھت سے محروم نہ کریں ،حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پولیس کے مظالم کا نوٹس لیں اور تشد دکرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کریں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر