کمرشل ڈرائیوروں کو لائسنس کیلئے تربیت لینا ہوگی،عبدالعلیم خان

کمرشل ڈرائیوروں کو لائسنس کیلئے تربیت لینا ہوگی،عبدالعلیم خان

لاہور(جنرل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام کمرشل ڈرائیورز مرحلہ وار باقاعدہ سکولنگ اور ٹریننگ سے گزریں گے اور مطلوبہ معیار کے بغیر آئندہ کسی ڈرائیور کو لائسنس کا جاری نہ ہونا یقینی بنایا جائے گا ، رکشہ سے لے کر بس چلانے تک کمرشل ڈرائیورز کیلئے فوری طور پر ڈرائیونگ سے متعلقہ تربیت کو لازمی قرار دیا جائے گا اور انہیں اُن پیشہ وارانہ امور سے آگاہی دی جائے گی جنہیں عام طور پر نظر انداز کیا جاتا ہے۔

،اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ غیر محتاط ڈرائیونگ اور انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، 90فیصد سے زائد ٹریفک حادثات کی وجہ ڈرائیورز کی غفلت ہوتی ہے اور اکثر ڈرائیور ایک دوسرے سے گاڑی چلانا سیکھ کر انسانی جانوں کو نقصان پہنچانے کے لئے سڑکوں پر آ جاتے ہیں ، سینئر وزیر نے کہا کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے قوانین پر پابندی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ،اسی طرح لوگوں کو ٹریفک کے دیگر قوانین پر پابندی کا شعور بھی دینا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی ڈرائیونگ کورسز کو تدریسی و قانونی شکل دی جائے گی اور ایسے تمام کمرشل لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے جنہوں نے ٹریفک سکولوں سے تربیت حاصل نہیں کی ہو گی ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کی طرح دیگر شہروں میں بھی ٹریفک کے قوانین و ضوابط پر اسی طرح عمل ہونا چاہیے اور تبدیلی والے پاکستان میں زیادہ ذمہ دارانہ کردار کے ساتھ ہر شہری کو آگے آنا چاہیے ، انہوں نے ٹریفک پولیس کے کردار کو بھی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فورس کو اپنی ذمہ داریوں پر پورا اترنا ہوگا اور ٹریفک حادثات پر روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں میں آگاہی بھی پیدا کرنا ہوگی ۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے وفد نے بھی ملاقات کی اور انہیں پنجاب کے مختلف شہروں بالخصوص لاہور میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور دیگر ملکوں کے ماڈل کے تحت اکٹھے ہونے والے اس گند سے مختلف گیسوں سمیت کھاد اور دیگر اشیاء کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے بالخصوص کوڑا کرکٹ کا بروقت اکٹھا ہونا ،اسے مناسب طور پر تلف کرنا اور اُس میں سے مفید پراڈکٹس کا بنایا جانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ حکومت نے مال بنانے کیلئے مختلف کمپنیوں کی تشکیل پر زور دیے رکھا او ر کرنے کا اصل کام نہیں کیا گیا ،انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت اس بارے میں سوچ سمجھ کر درست قدم اٹھائے گی اور بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1