قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے نوجوان طلبہ کی سوچ بدلنا ہو گی، ذکر اللہ مجاہد

قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے نوجوان طلبہ کی سوچ بدلنا ہو گی، ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے نوجوان طلبہ کی فکر و سوچ اور عمل بدلنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان اگر نیکی کے فروغ اور برائی و بے حیائی کے خاتمے کیلئے متحد و منظم ہو جائیں تو ملک کو اسلامی ، فلاحی اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ناظم اعلیٰ محسن خان عباسی اور ان کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کی اصلاح میں رکاوٹ کی سب سے بڑی وجہ فحاشی و عریانی اور مغربی تہذیب کی یلغار ہے بدقسمتی سے ہمارے ملک کا اپنا میڈیا ماڈلنگ ،آرٹسٹ ،فیشن اور شوکے نام پر فحاشی و عریانی پھیلانے میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے ۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے نوجوان نسل کوفحاشی و عریانی اور منشیات جیسی دلدل سے نکالنا ہو گا۔ہمارے ملک کے تعلیمی اداروں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ و طلبات کا فحاشی و عریانی کی طرف بڑھتا ہو ارحجان لمحہ فکریہ ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کروایا جائے تاکہ نوجوان اسلام کے اصل مفہوم کو سمجھ سکیں اور ملک و قوم کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ہمیں اپنے اہل وعیال کو جہنم کی آگے سے بچانے کیلئے ان کی تعلیم تربیت پر توجہ دینا ہوگی۔ اس موقع پرمسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ناظم اعلیٰ محسن خان عباسی کہا کہ نوجوان نسل ہی ملک و قوم کا اصل قیمتی سرمایہ ہیں۔ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نوجوان طلبہ میں دینی تربیت و بصیرت کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔