شہباز شریف کی نیب لاہور نے ایک اور کیس میں گرفتاری ڈال دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کی نیب لاہور نے ایک اور کیس میں گرفتاری ڈال دی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی سکینڈل میں طلب کیا گیا جبکہ انہیں آشیانہ ہاﺅسنگ سکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ اب نیب نے شہباز شریف کی ایک اور کیس میں گرفتاری ڈال دی ہے۔ ان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے اور نیب کی جانب سے جب ان سے اس حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے کہا کہ کاروباری معاملات ان کے صاحبزادگان دیکھتے ہیں جس پر نیب لاہور نے اثاثوں کی پوچھ گچھ کیلئے پہلے سلمان شہباز کو بلایا تھا اور اب حمزہ اور سلمان شہباز کو دوبارہ بھی طلب کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں، انہیں 29 اکتوبر کو احتساب عدالت میں پیش کرکے مزید ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔