ہم بنیں گے کشمیر کی آواز

ہم بنیں گے کشمیر کی آواز
ہم بنیں گے کشمیر کی آواز

  

27 اکتوبر جموں و کشمیر کی پوری تاریخ میں ایک سیاہ ترین باب کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے ۔70 سال پہلے آج ہی کے دن بھارتی افواج بیں الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بھارتی جموں و کشمیر کے معصوم عوام کو محکوم بنانے انکی آواز دبانے اور دہشت گردانہ طریقوں سے اپنا غیر انسانی تسلط جمانے کیلیے سری نگر میں اتری تھی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی کئی قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کو آزادانہ منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینے کی توثیق کی ہے ۔بین الاقوامی برادری کے ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے اپنے وعدوں کے باوجود بھارت آج تک اپنا جابرانہ تسلط قائم رکھنے اور کشمیری عوام کی نسل کشی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔جس کا تدارک کرنا مہذب دنیا کے دعوے داروں کا فرض بنتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے اپنی رپورٹ میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کو پوری تفصیل کے ساتھ دستاویزی شکل دی ہے جسکی انسانی حقوق کے دیگر معتبر بین الاقوامی اداروں نے بھی تصدیق کی ہے ۔بھارت کو شاید آج بھی احساس نہیں ہے کہ جب کوئی قوم آزادی کے حصول کا تہیہ کرلے تو اْن کے جذبہ حریت کو کچلنا ناممکن ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں کشمیریوں پر ظلم کے خلاف نوجوان نسل بیدار ہوچکی ہے ۔پاکستان کی نوجوان نسل اس بات پر ایمان رکھتی ہے کہ برہان الدین وانی کے لہو سے توانا ہونے والی حریت کی اس آواز میں سارا پاکستان ہم آواز ہے ۔

پاکستان اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے جائزے کیلیے ایک انکوائری کمیشن بنانے کے مطالبے کی پرزور حمایت کرتا ہے ۔ہم بھارتی مقبوضہ کشمیر میں برسر پیکار اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے منصفانہ حق کی غیر متزلزل اور مسلسل اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں ۔ بطور پاکستانی عوام ہم کشمیریوں کے استقلال اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔کشمیر یوم سیاہ کے موقع پر بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انکے مقدس مقصد کیلیے ہم اپنی بھرپور اور مسلسل اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت کا یقین دلاتے ہیں ۔ پاکستان جموں کشمیر کے مسئلے کے لئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل کیلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا .ان شاء اللہ

نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں،ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید : بلاگ