کراچی میں انسپکٹر نے سعودی قونصل خانے کی بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کا چالان کر دیا

کراچی میں انسپکٹر نے سعودی قونصل خانے کی بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کا چالان کر ...
کراچی میں انسپکٹر نے سعودی قونصل خانے کی بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کا چالان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کے ریڈزون میں بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی چلانے پر ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار نے سعودی قونصل خانے کی گاڑی کا چالان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ میٹروپول ٹریفک سیکشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں سب انسپکٹر محمد نواز سیال نے بغیر نمبر پلیٹ والی ایک گاڑی کو روکا جس کے آگے اور پیچھے کی نمبر پلیٹس موجود نہیں تھیں۔پولیس کے استفسار پر ڈرائیور غلام مرتضیٰ نے گاڑی کے اندر موجود نمبر پلیٹس پیش کیں اور نمبر پلیٹ نہ لگانے کی وجہ سیکیورٹی رسک قرار دیا۔
اس دوران گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھے شخص نے پولیس افسر کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے اہم شخصیت سے فون پر بات بھی کروائی، لیکن سب انسپکٹر سیال نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ڈرائیور غلام مرتضیٰ کا 520 روپے کا چالان کردیا اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی قونصل خانے کی گاڑی کو جانے دیا گیا۔
کسی بھی غلط فہمی یا غلط بیانی سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس افسر نے اپنے فون سے واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرائیور نے نہ ہی گاڑی کی نمبر پلیٹ لگائی اور نہ ہی سیٹ بیلٹ پہن رکھی تھی۔