جذبات نیئر سلطانہ کی 27ویں برسی آج منائی جائے گی

جذبات نیئر سلطانہ کی 27ویں برسی آج منائی جائے گی

  

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ ملکہ جذبات نیئر سلطانہ کی 27ویں برسی آج منائی جائے گی۔ اس موقع پر ان کے پرستار اور مختلف نگار خانے خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کریں گے جن میں ملکہ جذبات کی فن کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔کئی دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کر نے والی اداکارہ نیئر سلطانہ جنہوں نے نازلی کے فلمی نام سے فنی سفر کا اآغاز کیا 1935ء میں بھارتی شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئیں۔وہ تقسیم ہند کے بعد کراچی اور پھر لاہور منتقل ہو گئیں جہاں نامور ہدایتکار انور کمال پاشا سے ان کی ملاقات ہوئی اور 1955ء میں فلم "قاتل " سے وہ پردہ سکرین کی زینت بنیں۔

نیئر سلطانہ رقص کی نسبت اداکاری پر زیادہ دھیان دیتی تھیں ان کی ا س خوبی نے انہیں بہت سے لازوال کرداروں کے روپ میں آج بھی زندہ رکھا ہوا ہے۔لازوال فلموں میں ان کی یاد گار پرفارمنس آنے والے فنکاروں کیلئے صدیوں مشعل راہ ثابت ہوتی رہے گی۔ نیئر سلطانہ اور درپن کی جوڑی فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ ازدواجی زندگی میں بھی سپر ہٹ رہی۔ نیئر سلطانہ 27اکتوبر 1992ء کو انتقال پا گئیں۔ مرحومہ کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتما م کرے گا۔

مزید :

کلچر -