کاشتکاروں کو مفید مشوروں کی فراہمی‘ایس ایم ایس ہیلپ لائن کااجراء

کاشتکاروں کو مفید مشوروں کی فراہمی‘ایس ایم ایس ہیلپ لائن کااجراء

  

لاہور(اے پی پی)زیادہ گندم زیادہ خوشحالی پروگرام کے تحت محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مفید مشوروں کی فراہمی کیلئے ایس ایم ایس ہیلپ لائن کااجراء کردیاہے اور کہاہے کہ گندم کے کاشتکار کسی بھی وقت ہیلپ لائن نمبر 0304-4000172 پر ایس ایم ایس کرکے گندم کی بمپر کراپ اور اس کی بروقت کاشت کے سلسلہ میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ گندم کی منظور شدہ اقسام کی بروقت کاشت، شرح بیج کے خصوصی خیال اور کھادوں کے متناسب استعمال سے فی ایکڑ 10من تک اضافی گندم کی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام بارانی علاقوں کے کاشتکار چکوال 50، این اے آر سی 2009، بارس 2009، دھرابی 2011، پاکستان 2013، فتح جنگ 2016، احسان 2018، بارانی2017 وغیرہ کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کر سکتے ہیں جس کیلئے شرح بیج 50کلو گرام فی ایکڑ سے کم نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی بمپر کراپ کیلئے متوازن کھادوں کا استعمال بھی اشد ضروری ہے لہٰذا کاشتکار زیادہ اور درمیانی بارش والے علاقوں میں گندم کی کاشت کے وقت 2 بوری ڈی اے پی، ایک بوری یوریا، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا 5بوری سنگل سپر فاسفیٹ، 2 بوری یوریا، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید معلومات یا مشوروں کیلئے فری ایگری کلچرل ہیلپ لائن پر بھی رات 8 بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -