عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، علی محمد خان

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، علی محمد ...

  

مردان (بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر کھیل وثقافت محمد عاطف خان اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مردان کے تمام علاقوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل منگاہ، مسلم آباد میں گیس فراہمی منصوبے کے افتتاح کے موقع پرایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ سات کروڑ 57لاکھ روپے کے اس منصوبے سے علاقے کے ہزاروں گھرانے سوئی گیس کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ مردان میں تعلیم، صحت، زراعت کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھانے کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ضلع بھر میں 35کھیلوں کے میدان تعمیر کئے جائینگے۔سینئر وزیر نے کہا کہ الیکشن میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے جو وعدے کیے گئے تھے اب اسکی تکمیل کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف حکومت کی پانچ سالہ مدت پورا ہونے پر مردان کے کونے کونے میں دیگر سہولیات کے علاوہ گیس کی سہولت بھی دستیاب ہوں گی۔ اسی طرح ضلع مردان میں بجلی کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک صرف دعووں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -