ڈیرہ،پولیس موبائل پر بارودی مواد کا دھماکہ،اہلکار زخمی

    ڈیرہ،پولیس موبائل پر بارودی مواد کا دھماکہ،اہلکار زخمی

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ہتھالہ کے قریب کلاچی پولیس موبائل پر سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا دھماکہ، ایک اہلکار پولیس اہلکار زخمی، واقعہ کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیکر نامعلوم دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی، پولیس موبائل پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد یعقوب کے جلسہ کے سیکورٹی انتظامات کیلئے جارہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقہ ہتھالہ میں نامعلوم دہشتگردوں نے سڑک کنارے بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جو پولیس موبائل کے وہاں پہنچنے پر دھماکے سے پھٹ گیا۔پو لیس موبائل میں اے ایس آئی فضل الرحمن اور دیگر پولیس اہلکار سوار تھے،دھماکے سے پولیس کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ ایلیٹ فورس کا اہلکار محمد طارق زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق بم سڑک کنارے رابطہ پل کے ساتھ زمین میں نصب کیا گیا تھا، ہتھالہ گاؤں میں رکن قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ کا جلسہ تھا جس کے سیکورٹی انتظامات کیلئے پولیس وہاں جارہی تھی۔دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کرکے نامعلوم دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -