پاکستان برآمدات کی بہتر ترقی کیلئے اپنی مصنوعات کے معیار پر توجہ دے:چینی سفیر

پاکستان برآمدات کی بہتر ترقی کیلئے اپنی مصنوعات کے معیار پر توجہ دے:چینی ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے پاکستان اور چین کی باہمی تجارت کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان برآمدات کی بہتر ترقی کیلئے اپنی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور پاکستان میں جوائنٹ وینچرز کیلئے مزید سازگار پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور سفیر سے ملاقات کی۔ چیمبر کے سابق صدر محمد ناصر خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان مناسب قیمت پر اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر کے برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین میں منعقد ہونے والی چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپورٹ ایکسپو 2019ایکسپورٹرز کو چین کی مارکیٹ میں رسائی حاصل کرنے کے عمدہ مواقع فراہم کرے گی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی کمپنیاں ایسی نمائشوں میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے چین پاکستان سے مزید وفود کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے آخر تک چین کے زرعی شعبے کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے کا کمرشل سیکشن کلچرل ایونٹس، ٹریننگ اور کپیسٹی بلڈنگ پروگراموں کا انعقاد کر کے دونوں ممالک کے درمیاں تعاون کو مزید بہتر کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں مزید مصنوعات کو شامل کیا جائے گا جس سے پاکستان کو برآمدات کو فروغ دینے کے مزید مواقع فراہم ہوں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں خاص طور پر اسپیشل اکنامک زونز میں جوائنٹ وینچرز قائم کریں۔ 

چینی سفیرر

مزید :

صفحہ اول -