عوام ذاتی مفادات کیلئے ملک میں عدم استحکام پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں دینگے:عثمان بزدار

عوام ذاتی مفادات کیلئے ملک میں عدم استحکام پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام ذاتی مفادات کیلئے ملک میں عدم استحکام پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں دینگے،ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، انتشار کی سیاست میں وقت ضائع کرنا ملک و قوم سے زیادتی ہے، سیاسی قوتوں کو موجودہ حالات میں بالغ نظری اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ترقی کے سفر کو افراتفری کی سیاست کی نذر کرنا دانشمندی نہیں اور منفی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش کا دامن تھامنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے پروگرام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سے خوف زدہ عناصر صرف تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ تنقید کی پرواہ نہیں، عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور پاکستان میں صرف عوام کی خوشحالی کی سیاست ہوگی۔بعدازاں ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے بڑے ہسپتالوں کی او پی ڈیز،ایمرجنسیز اور ان ڈور وارڈزمیں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے کام کو تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں مریضوں کو معیاری ہیلتھ کیئر کی سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے لہٰذامریضوں کومعیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے۔اجلاس میں صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے حوالے سے بھی آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کی جانب سے احتجاج کا کوئی جواز نہیں۔ہسپتالوں میں آئے مریضوں کو نہ دیکھنا ڈاکٹروں کے نوبل پروفیشن کے عہد کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ رویہ ڈاکٹروں کو زیب نہیں دیتا۔احتجاج کے باعث سب سے زیادہ مشکل مریضوں اوران کے تیمارداروں کو ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دی لیکن افسوس کا امر ہے کہ ڈاکٹر بات چیت کی جانب نہیں آئے۔حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیاجائے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ کو محمد نوازشریف کی صحت کے بارے میں تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے وزیراعلیٰ کو محمد نوازشریف کے ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے نوازشریف کو ہر ممکن طبی سہولت جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محمد نوازشریف کے علاج معالجے کیلئے تمام ترممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محمد نوازشریف کوجلدصحت کاملہ عطا فرمائے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف شاعر و نعت خواں اعجاز رحمانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اعجاز رحمانی نعت خوانی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنے منفرد انداز سے نعت خوانی کو آگے بڑھایا۔ 

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -