جے یو آئی رہنماء حافظ اللہ غیر ملکی شہری قرار،شناختی کارڈ منسوخ،ٹی وی کوریج پر پابندی

جے یو آئی رہنماء حافظ اللہ غیر ملکی شہری قرار،شناختی کارڈ منسوخ،ٹی وی کوریج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد/کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے جے یو آئی (ف)کے اہم رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق نادرا نے جمعیت علما ئے اسلام (ف)کے سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت ختم کرتے ہوئے انہیں غیر ملکی شہری قرار دیا ہے۔نادرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حافظ حمد اللہ صبور پاکستانی شہری نہیں ہیں، نادرا نے حافظ حمد اللہ کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کرکے ضبط کرلیا۔نادرا کی طرف سے آگاہی پر پیمرا نے بھی ٹی وی چینلز پر حافظ حمداللہ کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کردی۔پیمرا کے نوٹس میں ٹی وی چیلنجز کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حافظ حمد اللہ کو پروگرام اور ٹاک شوز میں نہ بلائیں۔دوسری جانب آن لائن نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء وسابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ نادرا کی جانب سے مجھے غیر ملکی قراردینا آئین کی خلاف ورزی ہے ملک میں اعلیٰ عہدوں پر فائزرہا، بلاک شناختی کارڈ کابہانہ بنا کر شناختی کارڈ کو ضبط کر کے مجھے غیر ملکی قرار دیا گیا، تمام تر دستاویزات کے باوجود میرے ساتھ اس طرح رویہ رکھنا انتہائی غیر انسانی عمل ہے حالات کا مقابلہ کرینگے۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ 2018میں میرا شناختی کارڈ بلاک ہواتھا اور اس حوالے سے مجھے کوئی نوٹس نہیں دیاگیا تھا فروری 2019میں مجھے بلاک شناختی کارڈ کی اطلاع ملی تھی تو قانون کے مطابق نادرا سے رجوع کیا تو نادرا کے حکام نے ہمیں بتا یا کہ شناختی کارڈ بلاک ہونا کوئی مسئلہ نہیں ہے اس کو جلد بحال کر دیا جائے گا اور نادرا حکام نے بتا یا کہ آپ پروسس کے ذریعے دستاویزات فراہم کریں تو یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔میں نے بلاک شناختی کارڈ کھلوانے کا فارم لیااوراس کو دستاویزات لگا کر نادرا میں جمع کرادیا جس کے بعد 24اپریل کو کمیٹی کے سپرد کر دیا جس کے بعد رمضان المبارک اور عید کے بعدجب دوبارہ معلومات حاصل کی تو نادرا حکام نے بتا یا کہ جلدان پر عملدرآمد ہوجائے گا اور کوئٹہ سے دستاویزات کلیئر ہونے کے بعداسلام آباد بھیجے گئے وہاں پر شناختی کارڈ کے معاملے پر کمیٹی کااجلاس منعقد کیا جب ہم وہاں پہنچے تو متعلقہ سیکرٹری کراچی چلے گئے تھے اور نادرا حکام نے ہم سے معذرت کرلی۔ 10دن کے بعد وزارت داخلہ کو ہمارے شناختی کارڈسے متعلق دستاویزات بھیجی گئی تھیں اور نادرا نے جلد بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں غیر ملکی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور ہمارے ساتھ جو کچھ کیا اس کا حساب ضرور لیناہوگا۔
حمد اللہ/شہریت

مزید :

صفحہ اول -