دھاندلی زدہ حکومت کو ایک ہی دھکے سے باہر نکال کر پھینک دینگے:فضل الرحمٰن

دھاندلی زدہ حکومت کو ایک ہی دھکے سے باہر نکال کر پھینک دینگے:فضل الرحمٰن

  

جیکب آباد(این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ حکومت کو ایک ہی دھکے سے باہر نکال کر پھینک دیں گے، آزادی مارچ ہوکر رہے گا،حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے،اپنے مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،آزادی مارچ کو روکنے والی تمام روکاٹوں کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن شہید فارم ہاؤس لاڑکانہ میں جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں آنے والے ضلع جیکب آباد اور ضلع خیرپور کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا محمد رمضان پھلپوٹو، حاجی محمد عباس بنگلانی، مولانا عبدالجبار رند، مفتی ثناء  اللہ جمالی، مولانا احسان اللہ گھمبیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ آزادی مارچ سے دھاندلی زدہ حکومت خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے جے یو آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر کو پورے ملک میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا اور اس کے بعد قافلے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور قوم کی نگاہیں آزادی مارچ پر ہیں نااہل اور نالائق حکمرانوں سے عوام کو نجات دلا کر ہی دم لیں گے،انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی رضاکاروں کی تنظیم پر پابندی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں رضاکار ہمارے جلسوں اور جلوسوں کی حفاظت اور نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارا آزادی مارچ مکمل پرامن،جمہوری اور آئینی ہوگا اور اگرہمارے جمہوری مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

مولانا فضل الرحمن

مزید :

صفحہ اول -