ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم سب سے بڑی دہشتگردی:گورنر پنجاب

ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم سب سے بڑی ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھارتی فوج اور انکی حکومت کو انسانیت و امن کی ''قاتل ''قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور کشمیریوں پر مظالم بھارت کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے انکے جنگی جنون سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔بھارت سن لے اگر جنگ ہوئی تو یہ بر صغیر کی آخری جنگ ہی ہوگی۔بند وق اور گولی کی طاقت کشمیریوں کے جذبہ کو ختم نہیں کر سکی آج بھارت لاکھوں فوجیوں کے باوجود کشمیر میں کر فیو ختم کر نے سے ڈر رہا ہے۔کشمیر پاکستان اور پاکستان کشمیر ہے دونوں خون کے آخری قطرے تک ایک دوسرے کیساتھ ہیں۔اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے مسئلہ کشمیر پر خاموشی ختم کر کے کشمیر یوں کو بھارت کے مظالم سے نجات دلائیں۔ وہ کشمیری راہنما چوہدری الیاس احمد اور مبارک علی شاہ کی قیادت میں آزادکشمیر سے ملاقات کر نیوالے وفد سے گور نر ہاؤس میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کے خلاف 5 اگست کا بھارتی اقدام سب سے بڑی دہشت گردی اور انسانیت کا قتل عام ہے بھارت کا ہر اقدام ا قوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف ہے وقت آچکا ہے کہ عالمی طاقتیں کشمیر یوں کو آزادی دلانے کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر یں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کر یں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ دھمکیوں سے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتاسر حدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ملکر بھارت کومنہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی شر مناک اور انسانی عظمت ووقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریحا ًمنافی ہے۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -