اقوام متحدہ کا چارٹر ایل او سی پار کرنے سے نہیں روکتا:وزیر اعظم آزاد کشمیر

اقوام متحدہ کا چارٹر ایل او سی پار کرنے سے نہیں روکتا:وزیر اعظم آزاد کشمیر

  

چکوٹھی(این این آئی)وزیر اعظم کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر کی مائیں،بہنیں اور بیٹیاں ہمارا راستہ دیکھ رہی ہیں کہ کب ہم آئیں گے اور انہیں ہندوستان کے جبر اور ظلم سے نجات دلایں گے۔ ان کو کہنا چاہتا ہوں ہم جلد ایل او سی روند کر ان کے پاس آ ئیں گے جس کی ہمیں اقوام متحدہ کا چارٹر اجاز ت دیتا ہے۔ انتہا پسند مودی اور بزدل ہندوستان آرمی چیف جنرل راوت کو کہنا چاہتا ہوں پا ک فوج، 21کروڑ پاکستانیوں اور لاکھوں کشمیر یوں کیساتھ مل کر تمہیں کشمیر سے بھگائیں گے۔ تم طاقت کے زور پر کشمیریوں کو نہیں دبا سکتے۔ پاکستان ہمیشہ مسئلہ کشمیر کی کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی بات کرتا ہے جبکہ ہندوستان ظلم،جبر و تشد د سے کشمیریوں کو دبانا چاہتا ہے، جو لوگ انسانیت کیلئے مفید ہیں ان کا نام باقی رہے گا۔ برطانیہ سے آئے المصطفیٰ ٹرسٹ، ہانسلو جامع مسجدو دیگر تمام لوگوں کا جو مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے یہاں آئے ان کے جذبوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ قیمتی لوگ ہیں اسلئے آپکو یہاں سے آگے نہیں جانے دیا۔ہمارا مقابلہ بزدل دشمن سے ہے جو نہتے شہریوں پر گولیاں برسا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا۔ وہ دن دور نہیں جب ہم سب سیز فائر لائن کی دوسری جانب مارچ گئے اور خونی لکیر کو توڑ کر سرینگر جائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی، ٹیلی فون،انٹرنیٹ سمیت تمام ذرائع ابلا غ بند ہیں تاکہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال نہ دیکھ سکے۔ افواج پاکستان پر پور ا بھروسہ ہے وہ یہاں ہماری حفا ظت کیلئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوٹھی کے مقام پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ یو کے اور ہانسلو جامع مسجد لندن کے زعماء کی جا نب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے محصور عوام کیلئے امدادی سامان کے قافلے کے چکوٹھی پہنچنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کامزید کہنا تھا مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اس تحریک کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں ہیں، جموں میں ڈھائی لاکھ مسلمانوں کو دو ہفتوں کے اندر شہید کیا گیا، دس لاکھ سے زاہد خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ ہزاروں ایسی خواتین ہیں جنہیں معلوم نہیں ان کے خاوند زندہ ہیں یا شہید ہوچکے۔مقبوضہ کشمیر کاواحد حل رائے شماری اور کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام ہے۔ آزادکشمیر کے لاکھوں لوگوں کے خاندان خونی لکیر کی دوسری جانب آباد ہیں۔ وہ اپنے رشتہ داروں کے پاس جانا چاہتے ہیں۔میں سرینگر اپنی ماں کے گھر جانا چا ہتا ہوں، اس جگہ جانا چاہتا ہوں جہاں میرے والد نے تعلیم حاصل کی اور جیل کاٹی۔ دنیا نے کشمیریوں کی آواز سننا شروع کر دی ہے، دنیا کی جمہوریتوں، انسانی حقوق کے اداروں اور تنظیموں سے کہنا چاہتا ہوں کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے اپنے حق کیلئے جو قربانیاں دیں ہیں، ان کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ تارکین وطن مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کا مقدمہ جس طرح دیار غیر میں لڑ رہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر

مزید :

صفحہ آخر -