حکومت کی 14ماہ کی کارکردگی جھوٹے وعدوں،یوٹرنز ارو ناکامیوں کا مجموعہ:سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ترقی کا سفر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگیا ہے۔حکومت نے ایک دن کے لیے بھی نظا م کو چلانے میں سنجیدگی نہیں دکھائی۔حکمرانوں کی الٹی سیدھی حرکتوں اور بیانات سے سیاسی انار کی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔وزیراعظم نے حکومت میں آنے سے پہلے اور بعد میں اپنے اعلانات اور وعدوں پر عمل نہیں کیا۔حالات تیزی سے بگاڑ کی طرف جارہے ہیں،لگتا ہے پی ٹی آئی یتیم ہوگئی ہے۔حکومت کا کام راستے بند کرنا نہیں کھولنا ہوتا ہے۔حکومت سڑکوں سے کنٹینر ہٹا کر عوام کے لیے راستے کھولے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور نشرواشاعت کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی چودہ ماہ کی کارکردگی جھوٹے وعدوں،یو ٹرنز اور ناکامیوں کا مجموعہ ہے۔معیشت کو ٹھیک کرنے کے بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے اور معاشی زبوں حالی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری بے قابو ہوچکی ہے۔مہنگائی کے ہاتھوں لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں،لوگوں کے گھروں میں فاقوں نے مستقل ڈیرے ڈال لیے ہیں۔معصوم بچوں کے فیڈرز کے لیے دودھ خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔عام استعمال کی چیزیں پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان اپنے مستقبل سے پریشان ہیں۔حکومت سے سب سے زیادہ توقعات نوجوانوں کو تھیں جو اب مایوسی میں بدل چکی ہیں۔حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا سبز باغ دکھا کر کسی ایک نوجوان کو نوکری نہیں دی بلکہ دس لاکھ سے زائد لوگوں سے روزگار چھین لیا ہے۔
سراج الحق