’کشمیر کو ہم آزاد کرائیں گے‘ ماضی میں کئی بار حکومت کرنے والی ن لیگ نے قوم سے نیا وعدہ کرلیا
نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو کمزور کر دیا ہے،ہم کشمیر کا مقدمہ لڑ یں گے اور کشمیر کو آزاد کرائیں گے،آج کا دن بہت اہم ہے اور ہم کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علی باغ نارووال میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ستائیس اکتوبر کو بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تھا،ہم اس وقت سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،عمران خان نے پاکستان کو کمزور کر دیا ہے،نواز شریف ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں،نواز شریف روز روز پیدا نہیں ہوتے انکا سایہ (ن)لیگ پرہمیشہ رہے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت سوئی ہوئی ہے جس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے،یہ ڈی چوک میں دھرنے کے قابل ہیں حکومت کرنے کے قابل نہیں ہیں، ہم نے انکو وہاں بھیجنا ہے جہاں سے آئے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آزادی مارچ میں نواز شریف کے حکم پر شرکت کر رہے ہیں، اس حکومت کو گھر بھیج کر نئی حکومت مسلم لیگ (ن) لائے گی۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کرے۔