پی سی بی اور سلیم ملک کے درمیان قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا

پی سی بی اور سلیم ملک کے درمیان قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا
پی سی بی اور سلیم ملک کے درمیان قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کے درمیان قانونی جنگ کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نوکری کیلئے این او سی نہیں مانگ سکتے جبکہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹرانسکرپٹ کی اوریجنل ٹیپس کی تصدیق کے بغیر درخواست گزار کے خلاف استعمال نہیں کر سکتا۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے انڈیپنڈینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کی حیثیت سے سلیم ملک کی کلیئرنس سرٹیفکیٹ کیلئے اپیل پر فیصلہ سنایا۔ سلیم ملک نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فراہم کی گئی اپریل 2000ءکی ایک گفتگو کے ٹرانسکرپٹ سے متعلق معاملے پر اپیل دائر کررکھی تھی۔ 11 صفحات پر مشتمل فیصلے میں جسٹس چوہان نے لکھا ہے کہ درخواست گزار (سلیم ملک) پی سی بی سے میچ فکسنگ یا سٹہ بازی کے معاملے پر پی سی بی کلیئرنس سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں اور ان کی یہ درخواست غیر فطری ہے۔ 

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ایک طرف توپی سی بی کے ماتحت قائم کردہ کرکٹ اکیڈمی میں ملازمت کی درخواست کررہے ہیں اور وہ دوسری طرف پی سی بی سے این او سی بھی مانگ رہے ہیں، لہٰذا یہ استدعا قبول نہیں کی جا سکتی، درخواست گزار کو اپنا رویہ اچھا کرنا ہوگا، درخواست گزارپی سی بی میں نوکری کیلئے این او سی نہیں مانگ سکتے، اس لئے یہ اپیل نمٹائی جاتی ہے اورپی سی بی اس ٹرانسکرپٹ کی اوریجنل ٹیپس کی تصدیق کروائے بغیر اسے درخواست گزار کے خلاف استعمال نہیں کر سکتا، درخواست گزار کی بیٹنگ کوچ کیلئے درخواست پر پی سی بی اپنا فیصلہ کرے۔

دوسری جانب پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کہتے ہیں کہ انڈیپنڈینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر نے سلیم ملک کی اپیل نمٹا دی ہے اور جسٹس (ر) فضل میراں چوہان نے واضح کیا ہے کہ سلیم ملک کی جانب سے این اوسی کے اجراءکی استدعا منظور نہیں کی جاسکتی ہے ، اس کیلئے سلیم کو ملک کو بہتررویہ پیش کرنا ہوگا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق کپتان سلیم ملک کا دعویٰ ہے کہ یہ فیصلہ ان کے اس موقف کی تصدیق ہے کہ یہ ٹرانسکرپٹ درست نہیں ہے۔ 

مزید :

کھیل -