شیخ سعید کی جانب سے ویلفئیر اتاشی محمود لطیف اور ہیڈ آف چانسری منظور ملک کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

شیخ سعید کی جانب سے ویلفئیر اتاشی محمود لطیف اور ہیڈ آف چانسری منظور ملک کے ...
شیخ سعید کی جانب سے ویلفئیر اتاشی محمود لطیف اور ہیڈ آف چانسری منظور ملک کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت شیخ سعید احمد کی جانب سے سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری عمر منظور ملک کیمونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا گیا جس میں دیگر قریبی دوستوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور افسران کی خدمات کی تعریف کے علاوہ انہیں نیک خواہشات سے نوازا. 

سعودی دارالحکومت ریاض کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے عشائیے میں شیخ سعید احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ ہمیشہ سے خوش قسمتی رہی ہے کہ سفارت خانہ پاکستان آنے والے افسران نے تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کی ہے اور کمیونٹی کے ساتھ ملکر مسائل پر قابو پانے کے لئے کام کیا ہے موجودہ حالات میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اور عبدالشکور شیخ نے جس انداز کے ساتھ ورکرز کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے اور لوگوں کو ریلیف پہنچایا ہے اسکی مثال نہیں ملتی، انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے کمیونٹی ممبران کے دلوں کو بھی جیتا ہے. 

شیخ سعید احمد نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سال سے ہزاروں اور لاکھوں ورکرز کو ویلفیئر کی سہولیات پہنچانا آسان کام نہیں تھا دوسری جانب بطور ہیڈ آف چانسری عمر منظور ملک نے جس طرح سفارت خانے کے معاملات کو سنبھالا اور معاملات کو درست سمت میں چلایا ہے ہم ان کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے کمیونٹی کے ساتھ محبت اور پیار کے رشتوں کو اپنایا. 

اس موقع پر ہیڈ آف چانسری عمر منظور ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ خوش قسمتی تھی کہ وہ اس ارض مقدس پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے منتخب ہوئے یہاں حرمین شریفین پر حاضری سب سے اہم بات رہی اسکے علاوہ بطور سفارت کار جو فرائض کی ذمے داری تھے انہیں خوش اسلوبی کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی اور کمیونٹی نے جس محبت اور خلوص سے نوازا اسکو کبھی فراموش نہیں کر پاؤں گا. 

کیمونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا کہ بطور ویلفیئر اتاشی ہمیشہ کوشش رہی کہ ورکرز کی فلاح وبہبود کے لئے جتنا ممکن ہو کام کیا جائے مگر یہاں یہ بات بھی ضروری ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب آنے والے ورکرز آزاد ویزے پر آنے سے اجتناب کریں اور یہاں پر آنے سے قبل قوانین کو جانیں اور اپنے ویزے سے متعلقہ سفارت خانہ پاکستان سے رہنمائی حاصل کریں تاکہ یہاں پہنچنے پر انہیں کسی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے، تاہم یہاں تعیناتی کے دوران دلی سکون میسر رہا اور پاکستانی کیمونٹی نے جس قدر پیار دیا یہ ہمارے لئے سرمایہ ہے اور ہم دلی طور پر کیمونٹی ممبران کے شکر گزار ہیں. 

عشائیے کے دیگر حاضرین کی جانب سے بھی افسران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعا کی کہ وہ پاکستان کے علاوہ دنیا میں جہاں بھی فرائض کی انجام دہی کے لئے جائیں تو اسی طرح لوگوں سے محبت اور پیار کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کو درپیش مسائل کو حل کرتے رہیں، آخر میں افسران کو شیخ سعید احمد کی جانب سے تحائف بھی دئیے گئے. 

مزید :

تارکین پاکستان -