”اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو ۔۔۔“ بلاول بھٹو نے حکومت کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی
سکردو(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش بھی کی گئی تو عوام کے ساتھ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔
جیو نیوز کے مطابق سکردو میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن اقتدار کا نہیں، آپ کے مستقبل کا الیکشن ہے اور ہمیں گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچانا ہے جو پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام سے شروع ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان قیادت ہی نوجوانوں کے مسائل حل کرسکتی ہے، نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے اور اس کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔