حیران ہوں کہ ڈاکٹر نعمان کی بد تمیزی پر شعیب اختر نے انہیں مارا کیوں نہیں ، سکندر بخت

حیران ہوں کہ ڈاکٹر نعمان کی بد تمیزی پر شعیب اختر نے انہیں مارا کیوں نہیں ، ...
حیران ہوں کہ ڈاکٹر نعمان کی بد تمیزی پر شعیب اختر نے انہیں مارا کیوں نہیں ، سکندر بخت

  

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب ملک سے قومی سپورٹس چینل پر میزبان کی جانب سے بد تمیزی کرنے پر سابق کرکٹرز میدان میں آگئے ، سکندر بخت نے کہا کہ حیران ہوں کہ شعیب ملک نے انہیں مارا کیوں نہیں ؟۔

نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ ڈاکٹر نعمان چند کتابیں پڑھ کر آگئے ہیں ، ان کا کرکٹ سے کیا تعلق ہے ، میں تو حیران ہوں کہ بد تمیزی کرنے پر شعیب اختر نے انہیں مارا کیوں نہیں ، میرے ساتھ کوئی ایسا کرتا تو میں کرکٹ کا بلا اٹھا کر اسے مارتا۔

سکندر بخت نے کہا کہ میں نے شعیب کے ساتھ بہت زیادہ عرصہ گزارا ہے ، جانتا ہوں کہ وہ بہت غصے والے ہیں ، شعیب اختر ایک سٹار ہیں ، قیام پاکستان سے آج تک صرف ہم 300 لوگ ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے ، اینکر تو ہزاروں آتے جاتے ہیں ، قومی ٹی وی پر بیٹھ کر آپ ایک سٹار کی توہین کیسے کر سکتے ہیں جبکہ اس پروگرام میں سارے لیجنڈز بیٹھے ہوں ۔

سکندر بخت نے کہا کہ ہر شخص کا اپنا تجزیہ ہے اور ایسا ہو جاتا ہے کہ ہم کسی کے تجزیے سے متفق نہیں ہوتے لیکن اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ آپ اسے اٹھ جانے کا کہہ دیں ، پروگرام کرنے والے کو ہوسٹ (میزبان) اور آنے والے کو گیسٹ (مہمان) کہتے ہیں ، مہمان کی توہین آداب میزبانی کے خلاف ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شعیب اختر نے مہمان ہونے کے باوجود جس شائستگی سے پروگرام چھوڑ کر قومی ٹی وی کی عزت رکھی ، ڈاکٹر نعمان میزبان ہونے کے باوجود قومی ٹی وی کے وقار کا خیال نہ رکھ سکے ۔

سابق خاتون کرکٹر مرینہ اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر قومی سٹار ہیں، ہمیں اپنے سٹارز کی عزت کرنی چاہئے ، سرکاری ٹی وی پر ایسا رویہ نہیں ہونا ، ہر میچ میں ہار جیت ہوتی ہے ، ہم تو میچ جیت کر جشن منا رہے تھے وہاں بھی ایسا رویہ روا رکھا گیا ، اس پروگرام میں ملکی اور غیر ملکی لیجنڈز بیٹھے ہوئے تھے ، مہمان کے ساتھ کچھ آداب ہوتے ہیں ، انہیں ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے ۔

مزید :

کھیل -