مسلم لیگ ن امارات کی جانب سے میلاد مصطفی ﷺ کا انعقاد

مسلم لیگ ن امارات کی جانب سے میلاد مصطفی ﷺ کا انعقاد
مسلم لیگ ن امارات کی جانب سے میلاد مصطفی ﷺ کا انعقاد

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) امارات میں مختلف جگہوں پر میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تقریبات کا انعقاد تاحال جاری ہے۔ عاشقان رسول اپنی عقیدت و محبت کے اظہار کے لئے محافل کا انعقاد کررہے ہیں جن میں مسلم کمیونٹی کے لوگ جوش و خروش سے شرکت کرتے ہیں۔ عید میلاد النبی ﷺ کی ایک تقریب گزشتہ روز دبئی کے ایک ہوٹل میں ہوئی جس کا انعقاد پی ایم ایل این امارات نے کیا تھا جس میں علامہ محمد اشرف شاد نے خصوصی خطاب کیا۔ محفل پاک میں چودھری ظفر اقبال، عبدالمجید مغل، حاجی محمد نواز، شوکت محمود بٹ، محمد شہزاد بٹ، عامر سہیل گھمن، وقاص گھمن، میاں غلام محی الدین، غلام مجتبیٰ، اکرم شہزاد، حاجی محمد یونس، عظیم رفاعی، حافظ محمد جمیل، سید سجاد حسین شاہ، عقیل ظفر، ملک ریاض، محمد مقصود، ابتسام الحق، اللہ رکھا مغل، موذن ایوب، مہر ایوب، عبدالصبور، شاہد رسول، امتیاز عالم، سرفراز گل، محمد علی قادری، سبحانی الخیری، آصف پراچہ اور دیگر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔

محفل میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نعت خواں حضرات نے عقیدت و احترام سے ہدیہ نعت پیش کیا جبکہ قاری حضرات نے تلاوت کلام پاک سے حاضرین محفل کے دلوں کو منور کیا۔ آمد مصطفی کے موضوع پر علامہ محمد اشرف شاد نے جامع تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی آمد سے اس دنیا میں بہار آئی ہر طرف نور ہی نور پھیل گیا۔ ظلم اور جہالت کے سائے ختم ہوگئے۔ عرب کا وہ معاشرہ جو ایک دوسرے کے خون کا پیاسا تھا، سب راہ راست پر آگئے۔ آپسی دشمنیاں اور رنجشیں ختم ہوگئیں۔ معاشرے کے پسے ہوئے لوگوں کی داد رسی ہوئی اور ان کو بھی معاشرے میں عزت کے ساتھ زندہ رہنے کا حق مل گیا۔

آپ ﷺ کی آمد دونوں جہانوں کے لئے رحمت اور نعمت ثابت ہوئی۔ آپ کی آمد کا ہم جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے عظیم مشعل راہ ہے۔ ہمیں آپ ﷺ کے نقش قدم پر چل کر اپنی دینی و دنیاوی زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اگر ہم اسوہ حسنہ کو اپنا لیں تو ہم ایک بہترین قوم ثابت ہوسکتے ہیں۔ تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ہر قسم کی خرافات کو چھوڑ کر سنت رسول ﷺ کو اپنائیں اور اپنی عاقبت سنوارلیں۔

مزید :

تارکین پاکستان -