"کالعدم تنظیم کے ساتھ دہشت گرد گروہ کے طور پر سلوک کیا جائے گا، جس طرح دہشتگردوں کا خاتمہ ہوا، ان کا بھی ہوگا" : فواد چوہدری

"کالعدم تنظیم کے ساتھ دہشت گرد گروہ کے طور پر سلوک کیا جائے گا، جس طرح ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  کالعدم تنظیم  ​کو سیاسی نہیں دہشت گرد جماعت کے طور پر  دیکھا جائے گا،الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،جیسے باقی دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ ہوا ہے ان کا بھی جلد خاتمہ ہوگا۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کوئی تنظیم پاکستان کو کمزور ریاست سمجھنے کی غلطی نہ کرے،یہ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، جو جھوٹی خبریں پھیلارہے ہیں ان کو بھی خبردار کررہے ہیں کہ ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں ہے کہ وہ ریاست پاکستان کو چیلنج کرے،پہلے بھی  چھ پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔ابھی پھر تین پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا ہے۔کسی کو بھی بندوق کے زور پر بات منوانے کا حق نہیں۔یہ پہلے بھی چھ بار تماشا لگاچکے حکومت نے تب صبر کا مظاہرہ کیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ الیکڑانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کے حوالے سے ہم الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا تا کہ لاہور این اے 133 کا الیکشن ای وی ایم پر کرایا جائے۔سندھ حکومت کا اشیا کی قیمتوں پر کنڑول  بالکل نہیں ہے،سندھ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا پنجاب کی نسبت 360 روپے مہنگا ہے۔پنجاب میں چیزیں سب سے کم اور سندھ میں سب سے زیادہ ہیں۔بلاول بھٹو کو یاد کروانا چاہتا ہوں کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے۔چھوٹے کسان کو جدید فارمنگ کی طرف لانے کی کوشش کررہے ہیں۔سوموار کو گندم کی امدادی  قیمت مقرر کی جائے گی۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -