نوجوت سدھو سے اختلافات کے بعد مستعفی ہونے والے وزیر اعلیٰ مشرقی پنجاب اب کیا کرنے جا رہے ہیں؟ بڑا اعلان کردیا
چندی گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشرقی پنجاب کے حال ہی میں مستعفی ہونے والے وزیر اعلیٰ کیپٹن (ر) امریندر سنگھ نے اپنی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ بھارتی پنجاب میں اپنی نئی پارٹی بنانے جا رہے ہیں جس کے بارے میں باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کے وکلا الیکشن کمیشن سے مشاورت کر رہے ہیں، پارٹی کے نام اور انتخابی نشان کے حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے۔امریندر سنگھ نے کچھ روز پہلے انڈین نیشنل کانگریس کے ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو سے اختلافات کے بعد وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ کا پاکستانی خاتون صحافی عروسہ عالم کے بارے میں کہنا تھا کہ وہ ایک ذہین خاتون ہیں، اگر ویزے کھل جاتے ہیں تو وہ عروسہ کو دوبارہ بھارت میں مدعو کر یں گے۔ خیال رہے کہ بھارتی پنجاب کے ایک وزیر نے کہا تھا کہ عروسہ عالم کے پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ساتھ تعلقات کی تحقیقات کی جائیں گی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ کیپٹن (ر) امریندر سنگھ اور عروسہ عالم قریبی دوست ہیں۔