حکمران سن لیں!ملک کاباہر شعورپڑھالکھا نوجوان ان سے بیز ار ہے: سراج الحق
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ یوتھ لیڈرشپ کنونشن فرسودہ نظام کے خلاف حتمی جدوجہد کے آغاز کا اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ حکمران سن لیں کہ ملک کا ہر باشعور پڑھا لکھا نوجوان ان سے بیزار ہے۔ حکمرانوں نے اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ جب کہ ملک کے عام پڑھے نوجوانوں کا تاریک بنایا۔ملک اور بیرون ملک اربوں کے اثاثے بنانے والے عوام کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کی حکومتوں کی پالیسی میں رتی برابر فرق نہیں، دونوں اطراف نے ملک کا حلیہ ہی بگاڑ دیا، ظاہری جنگ صرف اسٹیبلشمنٹ سے سپورٹ حاصل کرنے کے لیے ہے۔ ملک میں ہر شعبہ زوال کا شکار اور افراتفری کا عالم ہے۔ امن و امان کی صور تحال دگرگوں، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ کشتی بھنور میں ہچکولے کھا رہی ہے اور حکمران مزے لے رہے ہیں۔ وسائل سے مالامال ایٹمی اسلامی پاکستان کا تماشا بنا دیا گیا۔ چترال سے کراچی تک ہر شخص حکمرانوں کا نوحہ کہہ رہا ہے۔ 65فیصد نوجوان ہی ملک کی تقدیر سنوارسکتے ہیں، انھیں منظم کر کے فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کا آغاز کر رہے ہیں۔ 30 اکتوبر کے یوتھ لیڈرشپ کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔ اتوارکو ملک بھر سے نوجوان مینار پاکستان کے سائے تلے اکٹھے ہو کر قوم کو امید سحر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں ”پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن“ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر عملاً زیرو ہو چکے ہیں۔ سٹیٹ بنک میں پڑے سوا سات ارب ڈالر بیرونی ممالک اور آئی ایم ایف کی دی ہوئی رقوم ہیں۔ سودی قرضوں کی ادائیگی کے لیے حکومت کے پاس رقم نہیں، ملک ڈیفالٹ کے قریب پہنچ گیا۔ کرپٹ حکمرانوں کی کرپٹ پالیسیوں کی وجہ سے22کروڑ پاکستانیوں کو یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے غیر ملکی ایجنڈا کے تحت پالیسیاں بنائیں، دونوں اطراف نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا۔ حکمران جماعتوں کی ذاتی مفادات پر مبنی سیاست سے سوسائٹی بدترین پولرائزیشن کا شکار، معیشت اور معاشرت زوال کا شکار ہے، ان کا ایجنڈا قوم کو لڑاؤ اور تقسیم کرو ہے۔ حکمرانوں نے نوجوانوں کو سب سے بڑا دھوکا دیا۔
سراج الحق