اب بھی وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت سبسڈی دی جارہی ہے،ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز
اسلام آباد (این این آئی)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وزیر اعظم شہباز شریف کے خصوصی احکامات پر ملک بھر میں عوام کی سہولت کیلئے بنیادی اشیاء ضروریہ پر سبسڈی فراہم کر رہا ہے،ان اشیاء ضروریہ میں آٹا، چینی، گھی، دالیں اور چاول شامل ہیں۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اس سبسڈی کے حصول کومزید آسان اور شفاف بنا رہا ہے۔ ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کے مطابق یکم نومبر سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے صارفین یوٹیلیٹی سٹور پر آنے سے پہلے اپنا شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائل سے 5566 پرایس ایم ایس (میسج)کریں گے، ان کو خریداری کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) مہیا کیا جائے گا اور کسی بھی یوٹیلیٹی سٹورز میں وہ ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) اور شناختی کارڈ دکھانے پر صارفین سبسڈائزڈ اشیاء کی خریداری کر سکیں گے۔اس نئے نظام سے صارفین کو یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ اشیاء کی خریداری میں سہولت ہوگی، وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ نہایت ہی شفاف انداز میں انکو مخصوص اشیاء (آٹا،چینی، گھی، چاول، دالیں) پر سبسڈی دی جائیگی تاکہ سبسڈی کیلئے اہل اور مستحق افرادکی حق تلفی نہ ہو۔ واضح رہے کہ سبسڈائزڈ اشیاء کے علاوہ دیگر اشیاء کی خریداری کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ اور شناختی کارڈکی ضرورت نہیں ہے۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے اس جدید نظام سے کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئیگی، سبسڈی کی مانیٹرنگ جدید طرز سے کی جاسکے گی اورعوام کیلئے سبسڈی کے حصول میں مزید شفافیت آئے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اپنے نصب العین کے مطابق ہمیشہ صارفین کو انکی دہلیز پر معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز