عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں   پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے، صدر مملکت 

عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں   پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے، صدر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) صدر مملکت عارف علوی نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل میں سہولت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ 27 اکتوبر 2022 کو کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اس سال 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں،ہم گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے یوم سیاہ مناتے ہیں، اس دن پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کی کئی نسلوں نے بھارتی بربریت، خونریزی اور تشدد کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر فوجی محاصرے میں ہے جس میں مقبوضہ خطے کے لوگوں کی بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیوں سے مزید شدت آئی ہے۔ 
صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -