ایمانداری سے کام کرنے والوں کو صلہ ضرور ملتا ہے، مائرہ
لاہور (فلم رپورٹر) اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ ایماندار ی اور محنت سے کام کرنے والے فنکار ایک دن ضرور اپنی منزل حاصل کرتے ہیں،اچھے اور برے لوگ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں،کسی کے خلاف سازشیں کرنے والے کبھی سُکھی نہیں رہ سکتے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی وی ڈراموں کے ذریعے شہری ملی اور پھر بڑی سکرین میرا مقدر بنی اور وہاں سے میں بالی ووڈ تک پہنچ گئی۔میرا یقین ہے کہ کوئی اداکار ایمانداری اور محنت سے کام کرے تو وہ ناکام نہیں ہو سکتا اور میں اس کی مثال ہوں۔میں سمجھتی ہوں ابھی تو میں نے کامیابی کی سیڑھیوں پر قدم رکھا ہے اور میری منزل ابھی دورہے جس کے لئے ہر وقت سوچ بچار کرتی ہوں۔ میں دوسروں کے لئے ہمیشہ مثبت سوچتی ہوں اور ان سے بھی ایسی ہی توقع رکھتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں بھی نیا رجحان آرہا ہے جو انتہائی مثبت ہے، اب لوگ ایک دائرے سے باہر نکل کر سوچتے ہیں جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ انڈسٹری ابھی زندہ ہے مائرہ نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ سے کوشش کی ہے کہ شائقین کے دل محنت سے جیتوں پرستاروں نے ہمیشہ میری بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔