آٹا ڈیلروں کا منافع15سے بڑھا کر 50روپے کیا جائے،حفیظ الرحمن
لاہور (سٹی رپورٹر) لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی کے صدر حفیظ الرحمن عباسی کی صدارت میں ایسوسی کا ایک مشاورتی اجلاس مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں آٹا ڈیلروں کی مشاورت کے بعد صدر حفیظ الرحمن عباسی، نائب صدر احمد بٹ اور جنرل سیکرٹری فاروق بٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے آٹا ڈیلروں کا 20کلو آٹے کی فروخت پر منافع 15روپے سے بڑھا کر 50 روپے کیا جائے اور تنور مالکان کو بھی سبسڈائز آٹا فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔صدر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے روٹی کی قیمت سبسڈائز آٹے کے ریٹ کے مطابق مقرر کی ہے لہذاء تنور مالکان بھی ہم سے یہی آٹا مانگتے ہیں جبکہ قانونی طور پر انہیں سستا آٹا فروخت کرنے پر کوئی پابندی بھی نہیں اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ آٹا ڈیلروں کے خلاف مقدمات درج کرا رہی ہے ان غیر قانونی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔نائب صدر احمد بٹ نے کہا کہ آٹے کی قیمت کے ساتھ ہر چیز کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے لیکن ہمارا منافع وہی ہے جو 17سال پہلے تھا جنرل سیکرٹری فاروق بٹ نے کہا کہ تنور مالکان سبسڈائزڈ آٹے کے بغیر فائن بھی نہیں خریدتے جس کی وجہ سے ہمارا کاروبار تباہ ہو رہا ہے حکومت ہمیں تنور مالکان کو بھی سبسڈائزڈ آٹا فروخت کرنے کی اجازت دے اور ہمارے خلاف غیر قانونی کارروائیاں بند کرے.