وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے تحفظ وسائل جنگلات، و ماہی پروری کی تشکیل

 وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے تحفظ وسائل جنگلات، و ماہی پروری کی تشکیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے تحفظ وسائل جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کی تشکیل کردی گئی ہے  اوراس ضمن میں سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہد زمان نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق بدرمنیر وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے تحفظ و سائل جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کے چیئر مین ہو ں گے جبکہ ٹاسک فورس کے دیگر ممبران کی تعیناتی انتظامی محکمہ کے ذریعہ کی جائے گی۔ ٹاسک فورس صوبہ میں فانا وفلورا کے تحفظ و بقا کیلئے مختلف محکموں کے مابین باہم ادارہ جاتی روابط کی ذمہ دار ہوگی۔ 
ٹاسک فورس جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کے وسائل کے تحفظ و بقا کیلئے محکمانہ کوششوں کی تشہیر کیلئے سول سوسائٹی کو مشغول رکھے گی نیز تحفظ و بقا کے مسائل کے ضمن میں غیر سرکاری تنظیموں سے روابط رکھے گی۔ٹاسک فورس جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کے وسائل کی بقا کے متعلقہ عوامی شکایات کے سلسلہ میں محکموں سے رابط کاری کرے گی  اور انتظامی محکمہ کے تعین کردہ کسی دیگر ہدف کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹاسک فورس کے موجودہ چیئر مین شیخ بدرمنیرقبل ازیں اعزازی گیم وارڈن پنجاب اور چیئر مین ٹاسک فورس برائے جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب رہ چکے ہیں۔صوبہ میں فانا و فلورا کے تحفظ کیلئے ان کی گرانقدر خدمات ہیں جس کی بدولت ان کی حالیہ تقرری کو صوبہ میں ان قدرتی وسائل کی بقاو تحفظ کے تناظر میں خوش آئند قرار دیا جارہاہے۔