پی ٹی آئی نے دھرنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست جمع کرادی
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد نے اسلام آباد میں حقیقی آزادی تحریک کے سلسلے میں تاریخی دھرنے کے لیے درخواست انتظامیہ کو جمع کروا دی، صدر اسلام آباد ریجن علی نواز اعوان کے دستخط سے جمع کروائی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں سابق وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین عمران خان کی قیادت میں سری نگر ہائی وے نزد ہفتہ وار بازار ایچ نائن میں 4 نومبر سے احتجاجی دھرنا دینے جارہی ہے درخواست میں کہا گیا ہے ایچ نائن کی جگہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتجاجی مظاہروں کے لیے مختص کی ہے اور ہم قانون کے مطابق وہیں دھرنا دیں گے۔س موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صدر اسلام آباد ریجن علی نواز اعوان نے کہا کہ پر امن احتجاج اور دھرنا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے اور ہم یہ قانونی حق استعمال کریں گے ہمیں توقع ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ امپورٹڈ حکومت کے دباؤ میں آئے بغیر ہمیں ہمارا یہ قانونی حق استعمال کرنے کی اجازت دے گی اور ہمارے اس حق کی راہ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔علی نواز اعوان نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب مارچ ہوگا جو ملکی تاریخ کو نیا رخ دے گا اور پاکستان کو روایتی غلامی پسند سیاستدانوں سے نجات دلائے گا انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کی تحریک عمران خان یا ان کی ذات کے لیے نہیں یہ پاکستان اور پاکستان کی پسماندہ عوام کی تقدیر بدلنے کی عظیم جدوجہد ہے انہوں نے اسلام آباد کی عوام سے اپیل کی کہ اس مارچ کی بھرپور میزبانی کے لیے گھروں سے نکلیں اور لاکھوں شرکاء کو شہر اقتدار میں خوش آمدید کہیں تاکہ ایک خود مختار پاکستان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔
پی ٹی آئی