میں گورنر کے عہدہ کو عوام کے درمیان لے جانا چاہتا ہوں: کامران ٹیسوری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ/ چانسلر کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ میں گورنرکے عہدہ کو عوام کے درمیان لے جانا چاہتاہوں کیونکہ میرا بھی دل کرتا ہے کہ میں بھی آپ کے درمیان کھڑا ہو سکوں اس ضمن میں بہت جلد نوجوانوں پر مشتمل ایسی ٹیم تشکیل دے رہا ہوں جو طالب علموں اور گورنرہاؤس کے درمیان پل کا کردا ر ادا کرسکیں تاکہ کوئی بھی تعاون یا مدد درکار ہو اسے فوراً پورا کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ این ای ڈی کے 31ویں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد2022 میں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بالخصوص صوبہ میں خوفناک سیلاب سے متاثرہ افراد کی مکمل بحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اس ضمن میں عوام کی توجہ سیلاب متاثرین کی جانب متوجہ کراتا رہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تقسیم اسناد، ناصرف طالب علموں بلکہ والدین اور اساتذہ کی کامیابی کا دن ہے،جامعہ این ای ڈی اورا س کا تھر کیمپس بہترین کام کررہا ہے، فارغ التحصیل طلبا جامعہ کی بہتری میں کردادا کرتے رہیں، طالبات کو انجینئرنگ میں آگے بڑھتا دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ گورنرسندھ/ چانسلر جامعات کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ جامعہ این ای ڈی ملک کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے جو کہ ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے۔ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے ذریعہ دنیا سے مقابلہ کیا جاتا ہے اور این ای ڈی اس حوالہ سے منفرد مقام رکھتی ہے۔نوجوانوں سے بہت اْمیدیں ہیں، طالبات کو انجینئرنگ میں آگے بڑھتا دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سو برس سے انجینئرز تخلیق کرنے والی ملک کی مایہ ناز یونیورسٹی سے پاس آؤٹ ہورہے ہیں،جو انجینئرنگ کی دنیا کا بڑا نام ہے۔آپ کا مستقبل،آپ کے ملک و قوم کا مستقبل ہے، خود کومحدود نہ کرتے ہوئے آگے بڑھتے جائیے۔کانووکیشن کی ابتدا میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ جامعہ این ای ڈی کو گزشتہ سال سو برس مکمل چکے ہیں، کانووکیشن کے موقع پر یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ پچھلے برس18 پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک پہلی ”انجینئرنگ جامعہ“ تھے جب کہ اس بار ہم بھی ہم 19 پی ایچ ڈگری اسکالرز دینے والی ہم واحد انجینئرنگ جامعہ ہیں. این ای ڈی کی تاریخ میں پہلی بار دونوں آنکھوں سے نابینا طالبہ حلیمہ سرور(ہیومنٹس) سے پاس آؤٹ ہورہی ہیں جس سے آئندہ نابینا طالب علموں کے لئے راستہ کھلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ جنہوں نے ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔ رجسٹرار سید غضنفر حسین کے مطابق اس جلسہ تقسیم اسناد 2022میں 19 اسکالرز کو ڈاکٹریٹ کی سندتفویض کی گئی جب کہ 2022 کے پاس آؤٹ گریجویٹ2322 اور ماسٹرزکے طالب علموں کی تعداد961 ہے۔پروچانسلر انجینئرنگ جامعات ضیا عباس شاہ، سربراہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔