بھارت کی کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف خیبر پختونخوا میں بھی یوم سیاہ 27اکتوبر کو بھر پور طریقے سے منانے کا فیصلہ 

  بھارت کی کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف خیبر پختونخوا میں بھی یوم سیاہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     پشاور(سٹاف رپورٹر)ٍحکومت خیبر پختونخوا نے کشمیر پر بھارت کی جانب سے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ  27 اکتوبر 2022  کو صوبہ بھر میں  بھر پور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں کو جاری کردہ مراسلے کے مطابق صوبہ بھر کے مساجد میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کی جائیگی۔ضلعی و تحصیل سطح پر انڈیا کی جانب سے کشمیر پر غاصبانہ اور غیر قانونی فیصلے کیخلاف تقریبات / ریلیز /  احتجاج اور واک بھی منعقد کیا جائیگا۔ اسی طرح ڈویژنل و ضلعی سطح پر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں سڑکوں اور نمایاں جگہوں پر سیاہ جھنڈے، پاکستان و کشمیر کے جھنڈوں کے ساتھ پینا فلیکسز، ہورڈنگز اور بینرز بھی آویزاں کئے جائینگے۔ محکمہ تعلیم یوم سیاہ کے موقع پر کالجوں  اور سکولوں میں تقریری مقابلے منعقد کرینگے جبکہ تمام سکولوں میں مارننگ اسمبلی میں خصوصی دعائیں اور پرنسپلزکو طلبہ کو یوم سیاہ کے حوالے سے خطاب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، مراسلے  میں کہا گیا ہے کے کشمیری عوام پرانڈیا کی جانب سے ظلم و بر بریت ڈھانے اور یوم سیاہ کے حوالے سے تصویری نمائش کے علاوہ تمام بڑے  شہروں میں ڈیجیٹل سکرینز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جس پر خصوصی ڈاکومنٹریز دکھائی جائیگی۔