استحقاقات و سرکاری یقین دہانیوں کی ذیلی کمیٹی نمبر1 کا اجلاس 

استحقاقات و سرکاری یقین دہانیوں کی ذیلی کمیٹی نمبر1 کا اجلاس 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر) مجلس قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط وطریقہ کار، استحقاقات اور سرکاری یقین دہانیوں کی ذیلی کمیٹی نمبر1 کا اجلاس ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی و چیئرمین کمیٹی محمود جان کی زیر صدارت اسمبلی کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس، فضل مولا، آصف خان کے علاوہ سیکرٹری اسمبلی کفایت اللہ آفریدی، سپیشل سیکرٹری امجد علی، ایڈیشنل سیکرٹریز انعام اللہ خان، سید محمد ماہر، ہدایت اللہ، اسسٹنٹ سیکرٹریز طارق نور، سیف اللہ خان، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بشر نوید، ڈپٹی لیجسلیشن آفیسر محکمہ قانون صائمہ سہیل نے شرکت کی۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹی نے اسمبلی بزنس رولز 22 کے ذیلی رول (2) اور باب 13A کی تمام شقوں اور دیگر متعلقہ رولز کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام مجوزہ ترامیم کے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیر حاصل بحث کی گئی اور متفقہ فیصلوں کی روشنی میں ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کو حتمی شکل دی گئی تاکہ مذکورہ رپورٹ کو مرکزی کمیٹی میں پیش کیا جاسکے۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی محمود جان نے اسمبلی کی ٹیکنیکل کمیٹی کے حکام کو رپورٹ کی تیاری میں محنت و دلجوئی سے زبردست کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ مذکورہ رولز کا 1988 کے بعد اب جائزہ لیا گیا اور دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ترامیم عمل میں لائی گئیں انہوں نے ہدایت کی کہ مجوزہ ترمیمی رپورٹ محکمہ قانون اور ایڈووکیٹ جنرل (اے جی) آفس بھیجنے اور پرکھنے کے بعد کل ہی مرکزی کمیٹی میں پیش کی جائے اور منظوری کی صورت میں بروز پیر اجلاس میں پیش کی جائے تاکہ اسمبلی و دیگر ٹیکنیکل کمیٹی کے اراکین کی محنت ضائع نہ ہوسکے۔ انہوں نے صوبائی وزیر قانون و سیکرٹری قانون کی اس اہم ترین اسمبلی رولز آف بزنس کی کمیٹی میں عدم موجودگی پر نہایت افسوس کا بھی اظہار کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری امجد علی نے مذکورہ کمیٹی کی جانب سے چیئرمین کمیٹی محمود جان و دیگر اراکین اسمبلی کا اس ضمن میں بھرپور دلچسپی لینے اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ پارلیمنٹرینز کی سپورٹ کے بغیر ایسا کرنا ممکن نہ تھا۔