ہمدرد پاکستان اور سسٹمز لمیٹڈ کے درمیان ای کامرس پلیٹ فارم بنانے کا معاہدہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد پاکستان اور سسٹمز لمیٹڈ نے گزشتہ روز ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ہمدرد کی مصنوعات کی سہل ترسیل اور دستیابی کے لیے جدید ترین ای کامرس پلیٹ فارم بنانے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے۔ ہمدرد پاکستان کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فاطمہ منیر احمد جبکہ سسٹمز لمیٹڈ کی جانب سے سی ای او آصف پیر نے معاہدے پر دستخط کیے۔ ہمدرد پاکستان کی سربراہ محترمہ سعدیہ راشد اور مختلف ڈائریکٹران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہمدرد پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم نے سسٹمز لمیٹڈ کے ساتھ معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد پاکستان ہمیشہ ہی اپنے آپریشنل استعداد کار اور ڈیلیوری سسٹم کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے۔ نیا ای کامرس پلیٹ فارم ایک منفرد اسٹاپ شاپ ہوگا جہاں ہمدرد پاکستان کی OTC مصنوعات صارفین کے لیے دستیاب ہوں گی۔ یہ منصوبہ اگلے سال جنوری تک مکمل کرلیاجائے گا۔اس سے قبل افتتاحی کلمات میں ہمدرد کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سید فیض اللہ جواد نے مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہمدرد پاکستان اپنے صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اپنے ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار کررہا ہے۔تقریب کے اختتام پر سعدیہ راشد نے آصف پیر کے ہمراہ کیک کاٹا اور ہمدرد پاکستان کی جانب سے اْنہیں تعریفی شیلڈ پیش کی۔