کراچی:الخدمت کے تحت دیوالی تحائف تقسیم کی تقریبات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ سماجی خدمات کے تحت ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پرسکھر،کندھ کوٹ،جیکب آباد، سانگھڑ،میرپورخاص،عمرکوٹ،اور ٹندوالہیارسمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے سینکڑوں ہندو خاندانوں میں کپڑے،راشن اور مختلف تحائف تقسیم کئے گئے۔ہر سال کی طرح اس سال بھی دیوالی کی مناسبت سے سندھ کے مختلف مندروں میں تحائف تقسیم کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔سکھر میں ہونے والی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، صوبائی نائب صدر سید محمد یونس اور ضلعی ذمہ داران سمیت ہندوبرادری کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سید احسان اللہ وقاص کا کہنا تھا کہ دیوالی ہندوبرادری کاایک خوشی کا تہوار ہے۔الخدمت بلاتفریق رنگ ونسل اور مذہب خدمت پریقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ الخدمت کاباقاعدہ اقلیتی ونگ موجود ہے جو اُن کے مسائل کے حل کیلئے کام کررہاہے۔سید محمد یونس کا کہنا تھا کہ الخدمت مذہبی رواداری پر یقین رکھتی ہے ہمیں ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کا احترام کرنا چاہیے۔