بھارت غیر قانونی قبضے کو 7دہائیاں گزر چکیں، کشمیریوں کا عزم نہ ٹوٹ سکا: قمر زمان کائرہ

بھارت غیر قانونی قبضے کو 7دہائیاں گزر چکیں، کشمیریوں کا عزم نہ ٹوٹ سکا: قمر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     اسلام آباد(این این آئی) وزیر اعظم کے مشیر برائے اْمور کشمیر و گلگت قمرزمان کائرہ نے کہاہے کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کوسات دہائیاں گزرچکی ہیں، بھارت کشمیریوں کے عزم کو توڑنہ سکا،مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ غیر قانونی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینواکنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ آج(27 اکتوبر)یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو 75 سال مکمل ہو گئے ہیں۔قمر زمان کائر ہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو اپنے حقوق سے محروم کرنے کے بعدبھارت نے اب مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک گھٹیا مہم شروع کردی ہے،بھارت نے پہلے ہی غیر کشمیری باشندوں کو لاکھوں کے حساب سے ڈومیسائل جاری کردیے ہیں اور اسی طرح جائیداداورحق ملکیت کے قوانین میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں ہے، تمام کشمیری سیاسی قیادت کو بھارت نے غیر قانونی طورپر قید کر رکھا ہے اور اْن کو بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر جھوٹے مقدمات میں سزا ئیں دی گئی ہیں، حریت رہنما یسین ملک شدید علیل ہیں،سید علی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ کینسر کے باعث طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ابھی حال ہی میں بھارتی جیل میں شہیدہو گئے اور میرواعظ عمر فاروق بھی گھر پر نظر بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح آسیہ اندرابی،شبیر احمد شاہ اور مسرت عالم سمیت دیگر کشمیری رہنما بھی بھارتی قید میں ہیں اور جموں و مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو بھی دھمکیوں،انتقامی کاروائیوں اورسینسرشپ سے دبا دیا گیا ہے۔ آج یوم سیاہ کے اس دن پر بھی ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔مشیر اْمور کشمیر نے زور دیا کہ عالمی برادری کو بھارت کی مذمت کرنی چاہیے اس کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں سنگین جرائم کے لیے جواب دے ٹھہرانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ،او آئی سی اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو جموں وکشمیر تنازعے کے شفاف اور پرْامن حل کے لیے بھارت پردباؤ ڈالنا چاہیے،کشمیر کی آزادی تک پاکستان کشمیریوں کی ہر قسم کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
قمر زمان کائرہ