وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم جلد شروع کرنے کی تیاری، طلباءکیلئے خوشخبری آگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے پاکستان کی سرکاری جامعات کے طالب علموں کے لیے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم جلد دوبار شروع کی جا رہی ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کراچی آمد کے موقع پر ایچ ای سی کے ریجنل دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کے لیے وزیراعظم کی طرف سے منظوری مل گئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ 28اکتوبر کو اس حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہے اور پالیسی کے نکات کی منظوری کے ساتھ ہی اس سکیم کے دوبارہ اجراءکا اعلان کر دیا جائے گا۔ پہلے فیز میں فروری 2023ءمیں لیپ ٹاپس کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ ”اس بار ایم فل/پی ایچ ڈی کے ساتھ ساتھ جامعات کے انڈر گریجوایٹ اور اوپن /ورچوئل یونیورسٹی کے طالب علموں کو بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے تاہم انڈرگریجوایٹس کے لیے لیپ ٹاپس کی تعداد محدود ہو گی۔ اس سکیم کے لیے حکومت کی طرف سے 10ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں۔