پاکستان میں وی ایف ایس گلوبل اور ایجنٹ مافیا کے گٹھ جوڑ پر نیدرلینڈز کا ردعمل سامنے آ گیا
ایمسٹرڈیم (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں وی ایف ایس گلوبل اور ایجنٹ مافیا کے گٹھ جوڑ پر نیدرلینڈز کا ردعمل سامنے آ گیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کی طرف سے گزشتہ ہفتے اس گٹھ جوڑ کے متعلق خبر دی گئی تھی کہ سینکڑوں کی تعداد میں نامعلوم لوگ سوشل میڈیا پر خود کو وی ایف ایس (Visa Facilitation Services)گلوبل کے ایجنٹ بتا کر شہریوں کو ویزا اپوائنٹمنٹس فروخت کر رہے ہیں اور بھاری منافع کما رہے ہیں۔
وی ایف ایس گلوبل ایک تھرڈ پارٹی کمپنی ہے جو کئی غیر یورپی اور شیگن ممالک کے ویزے، پاسپورٹ اور قونصلر سروسز کے حوالے سے خدمات مہیا کرتی ہے۔ وی ایف ایس گلوبل جن ممالک کے ویزے وغیرہ کے لیے سروس دیتی ہے ان میں نیدرلینڈز بھی شامل ہے۔ دنیا کے 144ممالک میں اس کمپنی کے 3ہزار 395ایپلی کیشن سنٹرز ہیں، جن میں سے تین پاکستان میں ہیں۔
اگرچہ وی ایف ایس گلوبل کی طرف سے کورونا وائرس کی وباءآنے کے بعد سے ویزا، پاسپورٹ اور قونصلر سروسز کی بکنگ آن لائن کی جا چکی ہے تاہم اس کی ویب سائٹ پر بکنگ سلاٹ نامعلوم وجوہات کی بناءپر دستیاب نہیں ہے، جس کی وجہ سے لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے ان ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پروی ایف ایس گلوبل کے ایجنٹ بن کر اپوائنٹمنٹس فروخت کر رہے ہیں۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ کے شعبہ قونصلر افیئرز کے ترجمان کاسپر سوتیکووو نے کہا ہے کہ ”کورونا وائرس کی وجہ سے عائد سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد شینگن ایریا کے ممالک کے قلیل مدتی ویزوں کی ڈیمانڈ بہت بڑھ گئی ہے۔ جس کے نتیجے میں درخواست دہندگان کو ویزے کی درخواست کے لیے اپوائنٹمنٹ لینے میں طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ وزارت اس مسئلے نے نمٹنے کے لیے وی ایف ایس گلوبل کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہم اس پراسیس کے برے کرداروں سے بھی آگاہ ہیں جو اپوائنٹمنٹس لے کر آگے مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔ اس مسئلے کے انسداد کے لیے بھی کام ہو رہا ہے۔