شعیب اختر کپتان بابر اعظم پر برس پڑے
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے زمبابوے کے ہاتھوں شکست پر ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔شعیب اختر نے بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی کپتانی میں بہت مسائل ہیں، بہت بار کہا کہ وہ ون ڈاؤن آئیں مگر نہیں سنتے۔
اپنے وی لاگ میں پاک زمبابوے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے ہاتھوں شکست شرمناک ہے، پاکستان اب ٹورنامنٹ سے پریکٹیکلی نہیں تو ٹیکنیکلی باہر ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپنرز اور مڈل آرڈر کام کے نہیں ہیں کہ ہم تسلسل سے کامیابیاں حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان کو آپ نے استعمال ہی نہیں کیا جو بیک فٹ پر اچھا کھیلتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کی مایوس کن کارکردگی کا ہمیں بھارتی میڈیا پرجواب دینا پڑتا ہے، یہ لوگ تو سامنے نہیں آتے۔راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ اور سیلکیٹ کریں ایوریج لوگوں کو، اور لائیں نالائق لوگ جو ایسی ٹیم کا انتخاب کرتے ہیں اور پھر ایسے ناقص نتائج آتے ہیں۔