پرنسپل نشتر میڈیکل کالج کامختلف وارڈز کا دورہ،ملاقاتیں
ملتان(وقائع نگار)پرنسپل نشتر میڈیکل کالج کا نشتر کنٹین اور اسپتال کے وارڈز میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ، ڈینگی کے حوالہ سے جاری ٹریننگ ورک شاپ و سیمینار میں شرکت کی۔وارڈز میں زیر علاج مریضوں و لواحقین سے مسائل بارے دریافت کیا تفصیل کے مطابق پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راو نے گزشتہ روز اسپتال میں(بقیہ نمبر4صفحہ6پر )
جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے بچوں کے وارڈز نمبر 19، 20 کا دورہ کیا، دورے کے دوران پیڈز وارڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعظم اور محکمہ بلڈنگ کے عملہ نے جاری کاموں کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس دوران مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے استفسار کے بعد اطمینان کا اظہار کیا اور عملہ کو اسی محنت و لگن سے مریضوں کی خدمت جاری رکھنے کا کہا، اس موقع پر پرنسپل نشتر میڈیکل کالج نے احکامات جاری کئے کہ اسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے داخل مریضوں کو متبادل جگہ، علاج معالجہ کی سہولیات یا کسی اور قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہئے بعدازاں مریضوں اور ان کے لواحقین کے لئے مختص کنٹین کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی ملبہ کو فوری ٹھکانے لگانے کے انتظامات کئے جائیں تاکہ مریض اور ان کے ساتھ آئے لواحقین کو کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔ مزید برآں ڈینگی کے حوالہ سے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی اس دوران وہاں موجود شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالہ سے نشتر انتظامیہ ان تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ ڈینگی کے مریضوں کی دیکھ بھال میں کوئی کمی نہ رہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے دن رات اس ادارے کی فلاح کے لئے وقف ہیں، اسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے میں ہمہ وقت حاضر ہوں۔دورے کے اختتام پر پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر را نے جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔