غازی اہلکاروں کے علاج کیلئے مزید 15 لاکھ روپے جاری
لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے غازی اہلکاروں کے علاج کیلئے مزید 15 لاکھ روپے جاری کردئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کے اخراجات کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔ راولپنڈی کے زخمی کانسٹیبل جہانزیب کو طبی اخراجات کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے، زخمی کانسٹیبل ظفر اقبال اور کانسٹیبل محمد ہارون افضل کو طبی اخراجات کیلئے فی کس 03 لاکھ روپے دئیے گئے،سرگودھا کے زخمی کانسٹیبل سرفراز احمد کو علاج معالجے کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے گئے، زخمی کانسٹیبل غلام مرتضٰی اور ہیڈ کانسٹیبل بابر علی شاہ کو طبی اخراجات کیلئے فی کس 1 لاکھ روپے دیئے گئے۔ مذکورہ غازی افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی مجرمان سے مقابلے میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے غازی افسران واہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ غازیوں کی جلد از جلد بحالی اور صحت یابی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز غازی افسران واہلکاروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ فرض کی راہ میں زخمی ہونے والے ان غازی افسران واہلکاروں کو سلور میڈلز دئیے جائیں گے، سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر نام کندہ کرکے عزت افزائی کی جائے گی۔