سندھ ہائی کورٹ ، خواجہ اجمیر نگری میں شراب خانہ سیل کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں واقع شراب خانے کو فوری سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے اور ڈی ایس پی خواجہ اجمیر نگری اور ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ میں خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں شراب خانہ بند کرانے کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ شراب خانہ مسلم آبادی میں ہے، مسجد اور اسکول کے بھی قریب ہے۔ مسلمانوں کو بھی شراب فروخت کی جاتی ہے، جب کہ اسکول ٹائمنگ کے دوران بھی شراب سرعام فروخت کی جاتی ہے۔ استدعا ہے کہ شراب خانہ بند کرانے کا حکم دیا جائے۔ قائم مقام چیف جسٹس پولیس حکام پر برہم ہوگئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے پٹیشنر کی درخواست پر کارروائی کیوں نہیں کی؟ اب یہاں آکر اپنی کہانیاں سنا رہے ہیں۔ عدالت نے ڈی ایس پی خواجہ اجمیر نگری لال بخش سولنگی اور ایس ایچ او محمد نواز کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ ڈی آئی جی ویسٹ کو معاملے کی انکوائری کرے، اگر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او اجمیر نگری ذمہ دار پائے جاتے ہیں تو فوری طور پر عہدے سے فارغ کریں۔عدالت نے شراب خانہ بھی فوری سیل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو حکم دیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے محکمہ ایکسائز کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست پر مزید سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔