پی ٹی وی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن وفد کی ایم ڈی کیساتھ ملاقات
لاہور(حسن عباس زیدی) پی ٹی وی ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ریاض مسعود کی قیادت میں وفد کی پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید مبشر توقیر سے ملاقات، مبشر توقیر نے ریٹائرڈ ملازمین کے جائز مطالبات کو جلد ازجلد پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر مبشر توقیر کا کہنا تھا کہ میں پی ٹی وی کے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہوں میں آپ کی تکلیف کو بخوبی محسوس کرسکتا ہوں۔چوہدری ریاض مسعود نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر منیجنگ ڈائریکٹر مبشر توقیرکا شکریہ ادا کیااور ان سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کے ہر ملازم کو ریٹائرمنٹ کے وقت ہی اس کے تمام بقایا جات ادا کردیئے جائیں، پاکستان ٹیلی ویژن کے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے آپ کی خدمت میں آئے ہیں ہمیں یقین ہے کہ ہمارا حق دلوانے کے لئے آپ ہر ممکن اقدامات کریں گے۔یکم جولائی 2024ء میں پی ٹی وی کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15فیصد اضافہ کا اعلان کیا گیا تھا جس پر ابھی تک عمل درامد نہیں ہوا ہے۔چوہدری ریاسض مسعود نے کہا کہ پی ٹی وی جیسے اہم قومی ادارہ کے ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین اس وقت بے شمار مالی اور دیگر مسائل کا شکار ہیں۔وفاقی حکومت ہر برس پنشنروں کی پنشن میں اضافہ کرتی ہے وفاقی بجٹ 2024/25میں بھی وفاقی وزیر خزانہ نے پنشن میں 10فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق پی ٹی وی کے پنشنروں پر بھی من و عن ہونا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہو رہا۔
جس کی وجہ سے پی ٹی وی کے پنشنرز بے حد پریشان ہیں ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ پی ٹی وی انتظامیہ کمیوٹیشن اور متعلقہ امور کو پہلے سے بحال شدہ قوانین کے تحت ڈیل کرے اور76سال کی عمر کو پہنچنے والے ملازمین کو کمیوٹیشن کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پنشن میں اضافہ کے حکومتی اعلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔عبد العزیز کھوکر نے مطالبہ کیا کہ ادارے میں ہونے والی نئی بھرتیوں میں ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا 15فیصد کوٹہ مقرر کیا جائے۔چوہدری ریاض مسعودنے بتایا کہ پی ٹی وی کی پنشنرز کی فلاح و بہبود پنشن اور کمیوٹیشن کی بروقت ادائیگی اور پنشن فنڈ میں موجود سرمائے کے تحفظ کے لئے ٹرسٹ کا قیام بے حد ضروری ہے اس ٹرسٹ میں کم از کم چار ریٹائرڈ ملازمین کو بحیثیت ممبر اور ٹرسٹی شامل کیا جائے تاکہ ہمارے پنشن فنڈ کا تحفظ اور اس کا بہترین استعمال ہوسکے۔2010ء سے 2024ء کے دوران پی ٹی وی انتظامیہ نے ہماری پنشن میں بہت کم اضافہ کیا گیاہے ان حالات میں ہماری پنشن میں 25فیصد اضافہ انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ صدر چوہدری ریاض مسعود نے کہا کہ پی ٹی وی کے ریٹائرڈ ملازمین کے لئے یہ پالیسی بنائی جائے کہ ریٹائرمنٹ کے وقت ہی ان کے تمام بقایا جات ادا کردیئے جائیں۔ یہ پالیسی تمام سرکاری محکموں اور اداروں میں پہلے سے ہی نافذ ہے۔