پی ایچ اے نے مال روڈ کے باغات کو مغلیہ طرز پر ڈویلپ کرنا شروع کر دیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے مال روڈ کے 3 پارکس کو مغلیہ ہارٹی کلچر انداز میں ڈویلپ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد لاہور کے ہارٹی کلچرل ورثہ کی بحالی اور گرین کور کو بڑھانا ہے۔
ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ نیلا گنبد سے انارکلی بازار تک پھیلے اس منصوبہ کو 'باغ نور جہاں ' کا نام دیا گیا ہے جو فضاء سے مور کی طرز پر دکھائی دے گا۔ اس ماحول دوست منصوبے سے پرندوں کو نئے گھونسلے بنانے کا موقع ملے گا اور اہل علاقہ کو دلکش سرسبز ماحول میسر آئے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مقامی پھولوں و پودوں کی 80 سے زائد اقسام لگائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ 'باغ نور جہاں ' میں پرندوں کے لیے برڈ باتھ کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پی ایچ اے کے ماحول دوست منصوبوں سے بائیو ڈائیورسٹی کی بحالی کے ساتھ ساتھ پرندوں کے لیے موافق ماحول اور ہارٹی کلچرل حسن بڑھا ہے۔