اپنے آپ سے ایماندارانہ رویہ اختیار کرنا آسان نہیں،اکثر خواتین معاشرے کی جانب سے ملنے والے پیغامات اپنا لیتی ہیں اور ویسا ہی طرز عمل اپنا لیتی ہیں
مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:30
اپنے وجود اور ذات کو عین مین تسلیم و قبول کرنے سے مراد یہ ہے کہ آپ اپنے تمام بدن کو پسند کرتے ہیں اوراپنے طرزعمل کے ذریعے معاشرے کے ان تمام پیغامات کو مسترد اور نظرانداز کر دیتے ہیں کہ آپ کا بدن غلیظ او ربدبودار ہے اور اس بدن کو صنعتی طو رپر تیارشدہ خوشبودار کریمیں اور لوشن، بہتر اور خوشبودار بنا سکتی ہیں مگر آپ کو چاہیے کہ ان پیغامات کو نظراندازکر دیں اور اپنے بدن سے اپنے لیے خوشی اور لطف کشید کریں۔
اکثر خواتین اپنے معاشرے کی جانب سے ملنے والے پیغامات کو اپنا لیتی ہیں اور اپنے بدنوں پرمرتب ہونے والے اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے اسی انداز میں اپنا رویہ اور طرزعمل اپناتی ہیں۔ اشتہارات میں انہیں یہ بتایاجاتا ہے کہ وہ اپنے بدن پر موجود فالتو بالوں کو بلیڈ کے ذریعے اتاریں، اپنے بدن کے ہر حصے، ہر عضو پر خوشبو لگائیں، اپنے جسم کے لیے غیرملکی عطر استعمال کریں، اپنے منہ کو جراثیم کش پانی سے دھوئیں، اپنی آنکھوں کی سجاوٹ کریں، اپنے ہونٹوں اور رخساروں پر سرخی لگائیں، اپنے ناخنوں کو مصنوعی رنگ سے رنگ لیں۔ اشتہاربازی کے ذریعے آرئش کا سامان تیار کرنے والے آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی قدرتی اورفطری حالت میں ناخوشگوار تبدیلی واقع ہو چکی ہے اور آپ یہ مصنوعی سامان آرائش استعمال کرنے کے ذریعے ہی اپنی قدرتی اور فطری حالت حاصل کر سکتی ہیں اور آپ دوسروں کے لیے پرکشش اور جاذب نظر محسوس ہو سکتی ہیں۔ نتیجہ یہ برآمد ہوتا ہے کہ آپ کا یہ رویہ اور طرزعمل آپ کی زندگی کا سب سے جھوٹا اور دھوکے بازی پر مشتمل حصہ ہوتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ آپ کی زندگی کا یہ حصہ افسوسناک بھی ہوتا ہے وہ آپ کے زندگی کے فطری اور قدرتی حصے اور حالت کی جگہ لے لیتا ہے اورپھر یہ تمام زندگی آپ کا پیچھا نہیں چھوڑتا۔ آپ کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ آپ اپنی ذات اور وجودکو خوبصورت اور محبت آمیز مت سمجھیں۔ یہ اشتہارا ت آپ کو یہ کہتے ہیں آپ یہ سب مصنوعات خریدیں تاکہ انہیں منافع حاصل ہو لیکن اگر آپ ان مصنوعت کو خریدیں گے تو ان کے تیارکنندگان کو تو فائدہ اور منافع تو حاصل ہو گا لیکن آپ اپنے ”اصلی اور حقیقی وجود“ کو کھو بیٹھیں گے۔ آپ اپنے خوبصورت فطری وجودکو پوشیدہ رکھنے پر مبنی رویہ ترک کر سکتے ہیں اور اس طرح آپ اپنے فطری اور خوبصورت وجود کو عیاں اور نمایاں کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں لہٰذا اگر آپ آرائش حسن کے اس سامان کو استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں تو اس سے مراد یہ نہیں کہ آپ اپنے بدن کے بدصورت حصوں کو چھپانا چاہتے ہیں بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نئی چیزوں کو استعمال اور اپنے لیے خوشی و طمانیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے آپ سے ایماندارانہ اور دیانتدارانہ رویہ اور طرزعمل اختیار کرنا آسان نہیں ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ کو یہ علم ہو جاتا ہے کہ آپ کو اشتہاری ادارے کے پیغامات خوش کر سکتے ہیں یا آپ اپنی مرضی کے مطابق خوشی اور مسرت حاصل کر سکتے ہیں۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔