کوہستان (ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں شتیال کے مقام پر تیز رفتار بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
امدادی کاموں میں مصروف ریسکیو ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ حادثہ شتیال کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جہاں گلگت بلتستان سے پنجاب کے ضلع راولپنڈی جانے والی نجی کمپنی کی مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے افسران، ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور مقامی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔
مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر شتیال ہسپتال منتقل کیا۔
ایس ایس پی شیر خان نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے، اس کے علاوہ 41 زخمی ہوئے جنہیں شتیال ہسپتال منتقل کردیا گیا۔