برطانیہ میں جنوبی ایشیائی افراد پر نسوار اور پان کے استعمال پر پابندی

برطانیہ میں جنوبی ایشیائی افراد پر نسوار اور پان کے استعمال پر پابندی

لندن(اے پی پی) برطانیہ میں جنوبی ایشیاءسے تعلق رکھنے والے افراد پر نسوار اور پان کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ بغیر دھویں کے تمباکو سے بنی ہوئی اشیاءجن میں پان اور نسوار شامل ہیں ان کے استعمال سے کینسر جیسی مہلک بیماری لاحق ہوسکتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ نکوٹین کو پورا کرنے کیلئے ایسی چیزیں استعمال کرتے ہیں انہیں اس بات سے آگاہ کرنا ہوگا کہ تمباکو کا زیادہ استعمال صحت کیلئے کتنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ این آئی سی ای کے ڈائریکٹر پروفیسر مائیک کیلے کے مطابق برطانیہ میں موجود جنوبی ایشیاءسے تعلق رکھنے والے افراد زیادہ تر دھوئیں کے بغیر تمباکو کا استعمال کرتے ہیں۔ ماہرین کے ایک اندازے کے مطابق جنوبی ایشیاءکی خواتین دن میں چار مرتبہ پان کا استعمال کرتی ہیں جو کینسر جیسی مہلک بیماری کا باعث بن سکتا ہے۔ پروفیسر مائیک نے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ صحت کے افراد لوگوں کو آگہی فراہم کریں گے کہ بنا دھوئیں کے تمباکو کا استعمال بھی سخت نقصان دہ ہے۔

مزید : عالمی منظر